اسلام آباد( اباسین خبر) انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے 153 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کر لیں جبکہ 24 کی ضمانتیں مسترد کر دیں۔عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے 177 کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 153 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کیں، جبکہ 24 کارکنوں کی ضمانتیں مسترد کر دیں۔مزید برآں، مختلف تھانوں سے گرفتار ملزمان کی ضمانتوں کے حوالے سے بھی فیصلہ سنایا گیا۔ تھانہ کراچی کمپنی کے 48 ملزمان میں سے 43 کی ضمانتیں منظور کی گئیں، جبکہ 5 کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ تھانہ ترنول کے 7 ملزمان میں سے 2 کی ضمانتیں منظور ہوئیں اور 5 کی مسترد کر دی گئیں۔تھانہ آئی 9 کے 10 ملزمان میں سے 9 کی ضمانتیں منظور کی گئیں، اور 1 کی درخواست خارج کر دی گئی۔ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1033 میں 28 ملزمان کی ضمانتیں منظور ہوئیں، جبکہ 5 کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ تھانہ رمنا کے 8 ملزمان میں سے 3 کی ضمانتیں منظور ہوئیں اور 5 کی مسترد کر دی گئیں۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے تمام 25 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئیں۔ تھانہ مارگلہ کے 45 ملزمان میں سے 42 کی ضمانتیں منظور ہوئیں، جبکہ 3 ملزمان کو ضمانت نہیں ملی۔ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1032 میں 1 ملزم کی ضمانت منظور کی گئی۔
ڈی چوک احتجاج کیس: گرفتار پی ٹی آئی کے 153 کارکنوں کی ضمانتیں منظور
2