کراچی ( اباسین خبر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں حکومت کی طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی، بلکہ یوٹیلٹیز کی منتقلی کے باعث کام میں تاخیر ہوئی ہے۔ کاٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری کی تاجر برادری پر خصوصی توجہ ہے، اور چیئرمین بلاول بھٹو، وزیراعلی مراد علی شاہ اور سندھ حکومت تاجر برادری کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتی ہے، کیونکہ ملک کی معیشت تاجر برادری کے ذریعے چلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی زون بنانے کی تجویز کی 100 فیصد تائید کرتا ہوں، اور سی پیک کے تحت دھابیجی اکنامک زون کا منصوبہ ایک جدید قدم ہے، تاہم آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مزید اسپیشل اکنامک زون نہیں بنائے جا سکتے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا افتتاح دو دن میں چیئرمین بلاول بھٹو کریں گے، جو کراچی کے عوام کے لیے پیپلز پارٹی کا تحفہ ہوگا۔ اس کے علاوہ، یلو لائن بی آر ٹی کے بورڈ اجلاس میں کاٹی کے نمائندے کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جام صادق برج کا کام آٹھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ حکومت اس وقت سبسڈی پر ٹرانسپورٹ چلانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز اور خواتین کے لیے مخصوص بسیں متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں لائی جائیں گی، اور شارع فیصل پر ان کی فراہمی کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ کچھ کاروباری افراد نے انفرا اسٹرکچر سے متعلق سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے، تاہم سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے کہ یہ منصوبے سندھ حکومت کو ملنے چاہئیں۔شرجیل میمن نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر قرار دیا اور کہا کہ اب ہڑتالیں اور کام کا بند ہونا پہلے جیسا نہیں رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت پانی کے مسائل کے حل کے لیے کے فور اور حب کینال منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے اربوں روپے دیے جا رہے ہیں۔صحت کے شعبے میں حکومت سندھ کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے درجنوں یونٹس فعال ہیں اور مہنگی ترین سائبر نائف سرجری مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر حکومت کی وجہ سے نہیں یوٹیلٹیز منتقلی کی وجہ سے ہوئی، شرجیل میمن
3