لسبیلہ، سرگودھا( اباسین خبر)مختلف ٹریفک حادثات میں 2 طلبا سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر ایک کوچ اور ٹرک کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے اور 14 افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا۔دوسرا حادثہ لسبیلہ کے علاقے حب میں اشوک پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث ایک کار الٹ گئی۔ اس حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوئے، اور ان کی نعشیں جام غلام قادر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع جھنگ میں سرگودھا روڈ واہگہ کلیہ کے قریب ایک مسافر بس الٹ گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں دو طالب علم جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔ بس سرگودھا سے جھنگ آ رہی تھی۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مختلف ٹریفک حادثات میں 2 طلباء سمیت 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
4