لاہور( اباسین خبر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے۔اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ ایک شیطانی سوچ رکھنے والے شخص اور مخصوص جماعت نے نوجوانوں کی برین واشنگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ تھیں۔ نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اپنا روشن مستقبل چاہتے ہیں یا پھر اقتدار کی ہوس کے ایندھن بننا چاہتے ہیں۔عظمی بخاری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جو لوگ اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر شاہی حکم کو حرف آخر سمجھتے تھے، آج انہیں آئین اور قانون کی باتیں کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب قوم کے بچوں کی فلاح کے لیے الیکٹرک بائیکس اور سکالرشپس کی فراہمی جیسے اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ مریم نواز لاکھوں طلبہ اور والدین سے دعائیں وصول کر رہی ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جن کی کارکردگی کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، وہ ان پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز کے خلاف 2014 سے گھٹیا مہم چل رہی ہے، لیکن وہ ہر دن کے ساتھ مقبول اور طاقتور ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آتے ہیں، وہ عوام کی فلاح کا سوچتے ہیں، جبکہ جو چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہوتے ہیں، وہ قوم کے بچوں کو پٹرول بم اور غلیلیں دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
ملک کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے: عظمیٰ بخاری
2