اسلام آباد( اباسین خبر)وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ خواتین اپنے شوہر یا والدین کی اجازت کے بغیر حج کرنے کے لیے سعودی عرب نہیں جا سکتیں۔وزارت کے مطابق، رواں برس سعودی حکومت نے پاکستان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کوٹہ دیا ہے، جس میں تقریبا 89 ہزار 602 لوگ سرکاری سکیم کے تحت حج پر جائیں گے جبکہ باقی لوگ نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔2025 کی حج پالیسی کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) کی جانب سے وضع کردہ شرائط کے تحت خواتین اکیلے حج کے لیے سعودی عرب جا سکتی ہیں، بشرطیکہ انہیں ان کے والدین یا شوہر کی اجازت حاصل ہو۔ اس کے علاوہ، خواتین کو قابل اعتماد خواتین حجاج کے گروپ کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی اور انہیں عزت و سلامتی کا کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے 2021 میں خواتین کے اکیلے حج کے سفر پر عائد پابندی کو ختم کر دیا تھا، جو کہ سعودی قیادت کی جانب سے خواتین کے حقوق کی صورتحال بہتر بنانے کے ایک اقدام کے طور پر تھا۔مزید برآں، وزارت نے یہ بھی بتایا کہ 12 سال سے کم عمر بچے حج پر نہیں جا سکتے اور سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین حجاج کے لیے لازمی قرار دی گئی ہے۔
خواتین، شوہر یا والدین کی اجازت کے بغیر حج پر نہیں جا سکتیں: وزارت مذہبی امور
5