لاہور( کامرس ڈیسک)ملک بھر میں مہنگائی کے باوجود مرغی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس سے شہریوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔راولپنڈی میں مرغی کا گوشت فی کلو 834 روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ زندہ مرغی 480 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ پشاور میں بھی مرغی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ایک روز میں فی کلو قیمت 25 روپے بڑھ کر 510 روپے ہوگئی ہے۔ کوئٹہ میں مرغی کا گوشت 620 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کراچی میں یہ 680 سے 700 روپے فی کلو کے درمیان مل رہا ہے، حالانکہ کمشنر کراچی کی ریٹ لسٹ کے مطابق اس کی قیمت 635 روپے مقرر کی گئی ہے۔لاہور میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے، جہاں گزشتہ تین روز تک برائلر مرغی کا گوشت 595 روپے فی کلو تھا، وہ اب 693 روپے فی کلو ہو چکا ہے۔مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان ہیں اور انہوں نے خود ساختہ قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا ہے کہ سرکاری قیمتوں پر مرغی کا گوشت فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو زائد قیمتوں پر گوشت بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ملک میں مرغی کے گوشت کی قیمت آسمانوں سے باتیں کرنے لگی
5