لاہور( سپورٹس ڈیسک)منی ورلڈ کپ کہلانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک پاکستان اور یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے لیے ٹیموں نے اپنے سکواڈز کا اعلان شروع کر دیا ہے۔پاکستان، جو کہ دفاعی چیمپئن بھی ہے، اپنے سکواڈ میں 7 بیٹسمین، 4 فاسٹ بالرز، 3 سپنرز اور ایک وکٹ کیپر شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ کپتان محمد رضوان واحد وکٹ کیپر ہوں گے، جبکہ جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز کے دوران دوسرے وکٹ کیپر کی حیثیت سے سکواڈ میں شامل عثمان خان کو چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم میں جگہ نہیں ملے گی۔فاسٹ بالرز میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رف کے ساتھ محمد حسنین کا نام بھی سامنے آ رہا ہے۔ سپنرز میں ابرار احمد اور سفیان مقیم کے ساتھ شاداب خان کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔ شاداب خان کو جون 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا۔29 سالہ امام الحق، جو 72 بین الاقوامی ون ڈے میچز میں 48.27 کی اوسط سے 3138 رنز بنا چکے ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں واپس آ سکتے ہیں۔ فخر زمان کی واپسی بھی متوقع ہے، تاہم ان کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کی فٹنس رپورٹ پر منحصر ہوگا۔ فخر زمان نے حال ہی میں چیمپئنز ٹی 20 میں مارخورز کے لیے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
چیمپئنز ٹرافی: قومی ٹیم میں پرانے کھلاڑیوں کی واپسی متوقع
6