لاہور( سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان میں اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جس میں انکلوژرز میں کرسیوں کی تنصیب، تماشائیوں کو گرانڈ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے خندق کی تیاری اور ٹاورز پر جدید لائٹس کی تنصیب شامل ہے۔ جنوری کے آخر تک اس کام کا مکمل ہوجانا متوقع ہے۔دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پانچ منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر تیار کر لیا گیا ہے، اور مختلف فلورز پر فنشنگ کا کام جاری ہے۔ گرانڈ میں جنگلے ہٹانے کا عمل شروع ہو چکا ہے، اور اس اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔پاکستان فروری اور مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا، جس کے لیے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کی آرائش کی جارہی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، جبکہ لاہور میں موسم کی شدت کے باوجود اپ گریڈیشن کا کام تین شفٹوں میں جاری ہے۔نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے دوران قائد اعظم ٹرافی کا فائنل یوبی ایل گرانڈ منتقل کر دیا گیا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم، 12 فروری کو پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والا تیسرا ون ڈے اور 14 تاریخ کو شیڈول فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاریوں کا حتمی جائزہ لیا جا سکے۔
اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہونے کا وقت آ گیا
5