سبی( اباسین خبر)رند قبائل کے سربراہ اور سینئر سیاست دان سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حقوق پر کبھی سودا بازی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ان کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا، بلکہ عوام کی نمائندگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی دن رات جدوجہد جاری ہے۔نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، اور انہوں نے بلوچستان سمیت ملک بھر کی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں رند قبائل کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ ہم سے جدا ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے دعا گو ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد بلوچ اقوام کے ننگ و ناموس کی حفاظت، سلامتی اور مسائل کا حل ہے۔ بلوچستان کے مفادات ہمارے لیے عزیز ہیں اور ہم نے عوام کے حقوق پر کبھی سودا بازی نہیں کی۔ اپنے دور اقتدار میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے لیے خوشحالی کے دروازے کھولے گئے، اور علاقائی مسائل کا حل ممکن ہوا۔سردار یار محمد رند نے کہا کہ کچھی کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے حقوق کے لئے بلا خوف و خطر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ نئے سال میں رند قبائل سمیت بلوچ قوم مزید ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔ انہوں نے 2024 میں جدا ہونے والی قبائلی، سیاسی اور عوامی شخصیات کے ایصال ثواب کے لیے اللہ تعالی سے دعا کی کہ تمام مرحومین کو جنت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بلوچستان کے حقوق پر کبھی سودا بازی نہیں کریں گے، سردار یار محمدرند
7