کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سرکاری افسران اور ملازمین کے بیک وقت ایک سے زائد محکموں میں ملازمت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف صوبائی محکمہ تعلیم کے ملازمین کے حوالے سے ہوا ہے۔ڈائریکٹر ایجوکیشن نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ 42 افسران اور ملازمین محکمہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں میں بھی کام کر رہے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ دہری ملازمت کرنے والوں میں کوئٹہ، تربت، بارکھان، ژوب، ڈیرہ بگٹی، شیرانی، کچھی، لسبیلہ، مستونگ، پنجگور، واشک، لورالائی، قلعہ عبداللہ، چمن اور پشین کے محکمہ تعلیم کے ملازمین شامل ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد کوئٹہ کے افسران اور ملازمین کی ہے۔مجاز اتھارٹی نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت دی کہ دہری ملازمت کرنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کی تنخواہیں روکی جائیں۔ اس کے علاوہ بیڈا ایکٹ 2011 کے تحت کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ دو ہفتے کے اندر تادیبی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام متعلقہ اضلاع کے افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
بلوچستان میں سرکاری افسران اور ملازمین کا بیک وقت ایک سے زائد محکموں میں ملازمت کا انکشاف
9