غزہ ( اباسین خبر)اسرائیلی فورسز نے غزہ میں کمال عدوان اور الوفا اسپتالوں پر بمباری جاری رکھی ہے، جس میں شہید ہونے والوں کی تعداد 50 سے زائد ہوگئی ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، اسرائیلی فوج نے ان اسپتالوں کے بعد اہلی نامی ایک اور اسپتال پر بھی بمباری کی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعوی کیا کہ ان اسپتالوں میں حماس کے کمانڈرز اور جنگجو مریضوں کے بھیس میں چھپے ہوئے تھے اور ان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں حماس کے 19 کمانڈرز اور جنگجو ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی کو گرفتار کیا گیا۔دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اسپتالوں میں پہلے ہی زخمی اور بیمار شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو حراست میں لے رکھا ہے اور ان کی رہائی کے لیے کسی بھی دباو کو مسترد کیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ کمال عدوان اسپتال کو دوبارہ صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی بمباری میں 45,500 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 108,000 سے تجاوز کرچکی ہے۔ ان میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
اسرائیل کی غزہ میں 2 اسپتالوں پر وحشیانہ بمباری؛ 50 سے زائد فلسطینی شہید
8