پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عطا تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا۔بیرسٹر سیف نے عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عطا تارڑ ہر روز ایسی باتیں کرتے ہیں جو ان کی نااہلی کو عیاں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل خیبرپختونخوا کی معیشت پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بڑے معیشت دانوں کا مذاق اڑایا۔ان کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر خیبرپختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے قرضے وفاق کے قرضے کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ خیبرپختونخوا کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے، جب کہ وفاق ہر مہینے اتنا قرضہ لیتا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے دور میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا، اور خیبرپختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا۔بیرسٹر سیف نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے دور میں روپے کی قدر میں کمی اور غیر ملکی کرنسی کی قدر میں اضافے کی وجہ سے صوبے کا قرضہ تقریبا 3 سو ارب روپے بڑھا ہے، ورنہ آج خیبرپختونخوا کا کل قرضہ 400 ارب روپے ہوتا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ نو مہینوں میں صحت کارڈ کے تحت 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہو چکا ہے۔ یونیورسٹیوں کا چانسلر وزیر اعلی کو بنانے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ گورنر وائس چانسلرز کی تعیناتی میں رکاوٹ ڈال رہے تھے۔
عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر خیبرپختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا: بیرسٹر سیف
5