کراچی( اباسین خبر)کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں حیدری مارکیٹ کی عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ کے باعث شدید دھواں پھیل گیا، جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پایا گیا۔چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق آگ عمارت کے شاپنگ مال میں واقع کپڑے کی دکان کے گودام میں لگی تھی، جس کے باعث بیسمنٹ میں دھواں بھر گیا تھا۔ فائر فائٹرز نے 6 فائر ٹینڈر اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔ دھواں نکالنے کے لئے ہیوی مشینری کی مدد سے راستہ بنایا گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق شام تقریبا ساڑھے چھ بجے آگ کی اطلاع ملی، اور ابتدائی طور پر دو گاڑیاں بھیجی گئیں، لیکن بعد میں امدادی کارروائیوں میں چھ گاڑیوں نے حصہ لیا۔ پانی کی فراہمی کے لئے واٹر ٹینکروں کا بھی انتظام کیا گیا۔ ریسکیو 1122 حکام نے بتایا کہ عمارت کے فلیٹوں کے مکینوں کو احتیاطی طور پر نکال لیا گیا تھا۔آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
کراچی، عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ 5 گھنٹے بعد مکمل بجھا لی گئی
10