سرینگر( مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کے علاقے سرینگر میں قابض بھارتی پولیس نے شہید سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ان کی کتب اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق، بھارتی پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں پولیس اہلکاروں نے ان کے کمرے کی تلاشی لی اور وہاں موجود کتب اور اہم دستاویزات ضبط کر لیں۔ چھاپے کے دوران بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی کے گھر کا ایک گھنٹہ تک محاصرہ بھی کیا۔کے ایم ایس کے مطابق، بھارتی پولیس نے حیدر پورہ کے مومن آباد میں واقع تحریک حریت جموں و کشمیر کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا، دفتر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں کی تلاشی لے کر اہم دستاویزات ضبط کر لیں۔دوسری جانب، کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی 10 سالہ نظربندی کے دوران شہید ہوئے اور انہوں نے اپنی آخری سانس تک بھارتی غلامی کو قبول نہیں کیا۔ حریت کانفرنس کے مطابق، یہ چھاپہ بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ کا واضح مظاہرہ ہے۔
بھارتی پولیس کا سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپہ، کتب اور دستاویزات قبضے میں لے لیں
11