ممبئی ( سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی سے منسوب پٹودی ٹرافی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹرافی بھارت اور انگلینڈ کے درمیان انگلینڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے فاتح کو دی جاتی تھی۔جون میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی، اور اس سیریز میں 5 ٹیسٹ میچز ہوں گے۔ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان سیریز سے قبل کیا جائے گا۔ای سی بی نے پٹودی ٹرافی کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے متعلق بھارت کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی کے بیٹے، بالی وڈ اداکار سیف علی خان کو خط لکھا ہے۔ اس فیصلے نے منصور علی خان کی اہلیہ، مشہور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو گہرا صدمہ پہنچایا۔ شرمیلا ٹیگور نے کہا کہ انہیں ای سی بی سے براہ راست کوئی اطلاع نہیں ملی، تاہم سیف کو خط لکھا گیا ہے کہ وہ ٹرافی کو ریٹائر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ٹائیگر کی میراث کو یاد رکھنا چاہتا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔دوسری طرف بی سی سی آئی نے اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کر رہا ہے۔پٹودی ٹرافی کی تاریخ:پٹودی ٹرافی پہلی بار 2007 میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 75 سالہ کرکٹ تعلقات کے موقع پر شروع کی گئی تھی۔ نواب منصور علی خان پٹودی کے والد نواب افتخار علی خان پٹودی 1932 اور 1946 میں بھارت اور انگلینڈ دونوں ملکوں کی طرف سے ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ منصور علی خان پٹودی نے 1961 سے 1975 تک بھارت کے لیے 46 ٹیسٹ میچز کھیلے، اور ایک حادثے میں اپنی ایک آنکھ ضائع ہونے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کھیلا۔ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد وہ صحافت میں شامل ہو گئے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کا پٹودی ٹرافی ختم کرنے کا فیصلہ، شرمیلا ٹیگور پریشان، بی سی سی آئی خاموش
7