کراچی ( اباسین خبر)مصطفی عامر قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم ارمغان نے اپنے والد سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے عدالت میں عجیب و غریب بیان دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزم ارمغان کو پیش کیا گیا، جہاں ملزم نے کہا کہ اس کا اپنے والد سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اپنے والد سے نہیں ملنا چاہتا۔دوران سماعت، ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی جانب سے پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کو دھمکیاں دینے پر پولیس نے انسداد دہشت گردی کورٹ کمپلیکس کے دروازے بند کردیے۔ تاہم، کامران قریشی کو اے ٹی سی کمپلیکس میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی جبکہ صحافیوں کی داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ملزم ارمغان کے وکیل عابد زمان خان نے کیس کی پیروی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میری ملزم کے والد کامران قریشی سے کوئی انڈراسٹینڈنگ نہیں تھی۔ اس پر ملزم ارمغان نے والد کے وکیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت اپنے والد سے نہیں ملے گا۔ملزم ارمغان نے دوران سماعت اپنے عجیب و غریب بیان میں کہا کہ اسے پاک فوج کی مدد کی ضرورت ہے اور وہ موساد جیوش مافیا کے نشانے پر ہے۔ اس کے بعد ملزم نے جسمانی ریمانڈ میں 24 مارچ تک توسیع کی درخواست بھی عدالت سے کی۔ وکیل صفائی طاہر تنولی کے مطابق، ملزم ارمغان نے عدالت کے روبرو اعتراف جرم کی خواہش کا اظہار کیا ہے، اور عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو ملزم کا اعتراف جرم ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ملزم ارمغان کا دوران سماعت عجیب و غریب بیان،اپنے والد سے لاتعلقی کا اعلان
1