پشاور( اباسین خبر)سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی یہ روایت وزیراعلی نے ڈالی ہے، جو کہ غلط ہے۔ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے خلاف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پریس کانفرنس کی، جس میں سابق وفاقی وزیر غلام بلور، سابق گورنر غلام علی، پیپلز پارٹی کے رہنما ارباب عالمگیر اور دیگر نے شرکت کی۔ارباب عالمگیر نے کہا کہ صوبے کے موجودہ حالات میں سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کی کیا ضرورت تھی؟ وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے اپنی ناکامی چھپانے کے لئے یہ اقدام اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے روایات کو تبدیل کر دیا ہے اور انہیں سوچنا چاہئے کہ آج کے بعد کل بھی ہے۔ مزید یہ کہ بانی پی ٹی آئی کا وژن تھا کہ کسی بھی سرکاری عمارت کا نام زندہ لوگوں کے نام پر نہیں رکھا جانا چاہئے، لہذا وزیراعلی سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ واپس لیں۔غلام علی نے کہا کہ ہمارے صوبے کی روایات ہیں اور ایک دستور ہے، یہ سٹیڈیم آج سے 39 سال قبل بنایا گیا تھا۔ جب سٹیڈیم کو ارباب نیاز کا نام دیا گیا، اس وقت وہ حیات نہیں تھے۔ انہوں نے تجویز دی کہ نیا سٹیڈیم تعمیر کرنا چاہئے تھا جہاں بین الاقوامی میچز ہوتے، اور سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی۔غلام بلور نے کہا کہ افسوس ہے کہ گنڈاپور کی جماعت نے 11 سال میں ایک بھی سٹیڈیم نہیں بنایا، جبکہ ہم نے صوبے میں 8 یونیورسٹیز بنائی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز نے سٹیڈیم تعمیر کروایا اور خود کام کی نگرانی کی تھی۔ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک خاتون کا مقابلہ نہیں کر سکتے، مریم نواز پنجاب میں کام کر رہی ہیں اور یہاں سب کچھ رکا ہوا ہے۔ غلام بلور نے وزیراعلی سے کہا کہ یہ آپ کا حق نہیں کہ سٹیڈیم کا نام تبدیل کریں۔
سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی، وزیراعلیٰ نے غلط روایت رکھ دی، سیاسی رہنما
2