سرگودھا( اباسین خبر)سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں عدم برداشت کی صورتحال درست نہیں، جمہوری عمل میں اخوت اور بھائی چارے کی فضا کی ضرورت ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی کارکردگی سے ہمیں خوف نہیں ہے، اگر مریم نواز اچھا کام کریں گی تو ہم ان کی تعریف کریں گے۔ ہم ان کے اتحادی ہیں اور سیاست میں چھوٹی بڑی باتیں چلتی رہتی ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بھٹو کیس میں عدالتی فیصلہ کا کریڈٹ صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے، 45 سال بعد اگر بھٹو کو انصاف مل رہا ہے تو اس سے تاریخ درست ہو گی اور اس میں توسیع بھی ہو گی۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بھٹو کا پورا خاندان شہید کر دیا گیا، اگر ایسا نہ ہوتا تو آج پاکستان بہت آگے بڑھ چکا ہوتا۔ بانی پی ٹی آئی کو اداروں کو خطوط لکھنے کی بجائے مثبت جمہوری انداز اپنانا چاہیے۔انہوں نے دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا خوفناک المیہ ہے جس نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، اللہ کرے ہم جلد دہشت گردی سے جان چھڑا لیں۔ پاکستانی فوج اور سویلین نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے آخر میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے میں بہت بڑی قربانی دی ہے، یہ ایک چیلنج ہے جس کے حل کے لیے ہمیں صرف ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
سیاست میں عدم برداشت کی صورتحال درست نہیں: راجہ پرویز اشرف
8