اسلام آباد( کامرس ڈیسک)رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے سات ماہ (جولائی سے جنوری) کے دوران وفاقی حکومت نے کل 4 ارب 58 کروڑ ڈالر قرض لیا ہے، جبکہ کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت 2 ارب 32 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی فنانسنگ موصول ہوئی ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کے حکام کے مطابق اس عرصے کے دوران حکومت نے مختلف ذرائع سے قرض حاصل کیا، جن میں باہمی معاہدوں کے تحت 32 کروڑ 91 لاکھ ڈالر، 50 کروڑ ڈالر فارن کمرشل لون، اور نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس کی مد میں 1 ارب 12 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 19 ارب 39 کروڑ ڈالر قرض لینے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں فنانسنگ میں تقریبا 30 فیصد کمی آئی ہے۔ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں 6 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا تھا۔اس دوران مختلف عالمی اور کثیرالجہتی اداروں سے فنانسنگ میں بھی کمی دیکھی گئی۔ جیسے کہ اے ڈی بی نے 1 ارب 4 کروڑ 86 لاکھ ڈالر فراہم کیے، عالمی بینک نے 57 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کا قرض دیا، چین سے 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالر، فرانس سے 10 کروڑ 25 لاکھ ڈالر، اور اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے 40 کروڑ ڈالر قرضہ ملا۔مجموعی طور پر ملٹی لیٹرل اداروں سے 2 ارب 32 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ موصول ہوئی ہے۔
وفاقی حکومت کا رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں اربوں ڈالر قرض، تفصیلات سامنے آگئیں
6