کراچی ( سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ سے قبل پاک فضائیہ کے فلائی پاسٹ نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ پاکستان ایئرفورس کے شیردل اسکواڈرن نے ایک شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا، جس میں انہوں نے انتہائی پیچیدہ کرتب دکھائے اور سبز ہلالی پرچم کے رنگ فضا میں بکھیرے، جس سے پاکستانی قوم کو ایک خصوصی سلام پیش کیا گیا۔اسکواڈرن نے کاکورم-8 طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے بیرل رولز، لوپس، اور بم برسٹ جیسے شاندار کرتب دکھائے، جبکہ رنگین دھوئیں کے استعمال نے مظاہرے کو مزید دلکش بنایا۔ اس میں پاکستان میں تیار کردہ JF-17 تھنڈر اور F-16 لڑاکا طیاروں نے بھی اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے لیے مخصوص فضائی حدود بند کی گئی تھی اور 17 سے 19 فروری تک ریہرسل بھی جاری رہی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی آپریشنز کو آسان بنانے کے لیے نوٹس ٹو ایئر مین (NOTAM) جاری کیا تھا اور کراچی ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کو احتیاطی تدابیر اور اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔یہ پہلا موقع تھا کہ کسی کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں پاک فضائیہ نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا، جس نے تقریب کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا اور اسے ایک یادگار لمحہ بنا دیا۔
چیمپئنز ٹرافی: پاک فضائیہ کے فلائی پاسٹ نے شائقین کے دل جیت لیے، ویڈیو دیکھیں
5