اسکاٹ لینڈ( مانیٹرنگ ڈیسک)اسکاٹ لینڈ میں 1100 سے زائد جنرل پریکٹشنر (جی پی) ڈاکٹروں نے جلد ریٹائرمنٹ لے لی ہے، اور صرف 25 ڈاکٹروں نے 66 سال کی اسٹیٹ ریٹائرمنٹ کی عمر تک پہنچنے کا انتظار کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق، اسکاٹ لینڈ میں جی پی ڈاکٹروں کی تعداد مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔2024 کے جنرل پریکٹس ورک فورس سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کام کی زیادتی اور تھکن کے باعث ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد اب زیادہ بیماریوں کی چھٹیاں لے رہی ہے۔ مارچ 2024 کے اختتام تک، 5500 جی پی سیشن ضائع ہوئے، جو پچھلے سال سے 15 فیصد زیادہ ہے۔لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ، الیکس کول ہملٹن نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹروں کی مدد کے لئے فارمیسی، فزیوتھراپی اور مینٹل ہیلتھ کے ماہرین کو بھرتی کرے تاکہ جی پی ڈاکٹروں پر کام کا بوجھ کم کیا جا سکے۔اسکاٹ لینڈ میں ڈاکٹروں کے جلد ریٹائر ہونے کی وجہ سے مریضوں کو اپائنٹمنٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی مریض بار بار کوشش کرنے کے باوجود ڈاکٹر سے وقت نہیں لے پا رہے ہیں۔ الیکس کول ہملٹن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک ہزار مریضوں کے لیے ایک ڈاکٹر کا بندوبست کیا جائے۔اسکاٹش حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 2027 تک 700 مزید جی پی ڈاکٹروں کا اضافہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس وقت بھی انگلینڈ کے مقابلے میں اسکاٹ لینڈ میں فی کس ڈاکٹروں کی تعداد زیادہ ہے۔
اسکاٹ لینڈ: ڈاکڑز میں وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ لینے کا رجحان
10