اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے پر زور دیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے پاکستان میں مختلف اداروں کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں انسداد بدعنوانی، مالی جرائم کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کو مشکوک ٹرانزیکشنز کی روک تھام اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایم ایف نے پاکستان کے زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر بات کی۔ اس کے علاوہ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے موثر اقدامات اور ایف بی آر کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن، سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔آئی ایم ایف وفد نے فیڈرل لینڈ کمیشن اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام سے ملاقات کی، اور نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اور کاونٹرنگ فنانسنگ آف ٹیررازم اتھارٹی حکام کے ساتھ بھی مشاورت کی۔ اس کے علاوہ، وفد نے کابینہ ڈویژن، وزارت خزانہ اور وزارت قانون کے حکام سے بھی ملاقات کی۔آئی ایم ایف وفد کل جوڈیشل کمیشن اور سپریم کورٹ آف پاکستان حکام سے ملاقات کرے گا، جہاں وفد کو ججوں کی تعیناتی یا تقرر کے طریقہ کار اور آئینی و قانونی معاملات کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کا وفد آڈیٹر جنرل آف پاکستان سمیت دیگر اداروں کے حکام سے بھی ملاقات کرے گا۔
آئی ایم ایف وفد کا زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے پر زور
9