لاہور( اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس مرزا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیے جانے کی گردش کرنے والی خبروں پر اٹارنی جنرل نے ردعمل دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کہا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ ریفرنس وفاقی حکومت کے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شیراز ذکا نے دائر کیا تھا، جس میں کہا گیا کہ نجی کمپنی کی جانب سے وزارت پٹرولیم کے خلاف دائر کیس گزشتہ 7 سال سے جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اس کیس میں جسٹس شمس مرزا نے 7 سال سے حکومت کے خلاف حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مذکورہ کیس 40.1 کروڑ روپے کی پٹرولیم لیوی سے متعلق ہے، اور ایف آئی اے میں جاری انکوائری کے مطابق حکومت پاکستان کو 40.1 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔تاہم اٹارنی جنرل نے ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے جسٹس شمس مرزا کے خلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا اور نہ ہی وفاقی حکومت کا ایسا کوئی ریفرنس دائر کرنے کا ارادہ ہے۔
جسٹس شمس کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کا معاملہ، اٹارنی جنرل کا ردعمل سامنے آگیا
5