کوئٹہ( اباسین خبر) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی ترجمان دلاورخان کاکڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 8 جنوری کو صوبہ بھر میں حلقہ پی بی 45 کے انتخابی عمل کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانبداری اور منظم سازش کے خلاف مکمل پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ اس ہڑتال کے دوران صوبے کے تمام نیشنل ہائی ویز بند ہوں گے اور صوبے کے تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرز میں پہیہ جام رہے گا۔ انہوں نے اہل بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے جمعیت علماء اسلام کا ساتھ دیں اور عوام سے درخواست کی کہ وہ آج کے دن سفر سے گریز کریں۔دلاورخان کاکڑ نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت عوامی نمائندوں کو پارلیمان سے دور رکھا گیا ہے اور عوام کے حقِ رائے دہی پر قدغن لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں مایوسی اور ناامیدی کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ادارے عوام کی حقیقی آواز کو نظرانداز کر رہے ہیں، جس کے باعث حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے حلقہ پی بی 45 میں انتخابی عمل کے دوران حکومت کی جانبداری کو کھل کر سامنے لانے کی بات کی اور کہا کہ حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا تاکہ مخالف جماعتوں، بالخصوص جمعیت علما اسلام، کو انتخابی عمل سے باہر رکھا جا سکے۔ ووٹس کی گنتی اور حساب کتاب کے لیے جانے والے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، اور جمعیت علما اسلام کے نمائندوں کو آرا آفس تک رسائی سے محروم کر دیا گیا۔
تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرز میں (آج)پہیہ جام رہے گا، ،جمعیت علماء اسلام بلوچستان
3