اسلام آباد( اباسین خبر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بلوچستان میں نشستیں بڑھانے کے آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بلوچستان میں نشستیں بڑھانے کے آئینی ترمیمی بل سے متعلق بنائی گئی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔سینیٹر ضمیر حسین نے تجویز دی کہ بلوچستان میں نشستیں 65 سے بڑھا کر 80 کی جائیں، جبکہ سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ اگر نشستیں بڑھانی ہیں تو قومی اسمبلی میں سیٹیں بڑھائیں۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ رپورٹ میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تعداد واضح نہیں، لہذا یہ بل وزارت قانون کو بھیجا جائے گا۔سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ اگر جنرل سیٹیں بڑھیں گی تو مخصوص نشستیں بھی خودبخود بڑھ جائیں گی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ بل میں ان کی تعداد کم ہے، تاہم ٹیبل میں جو تجاویز دی گئی ہیں انہیں منظور کر لینا چاہیے۔سینیٹر کامران مرتضی نے 63 اے میں 4 جگہوں پر پابندی کی بات کی، جس پر چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ایوان میں رپورٹ آنے کے بعد اعتراضات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
بلوچستان میں نشستیں بڑھانےکا آئینی ترمیمی بل سینیٹ کمیٹی سے منظور
3