کراچی( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہوں اور آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری ہماری ذمہ داری ہے، تاہم وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیں گے۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی کے اعزاز حاصل کرنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی کا راز اللہ کی مہربانی اور ٹیم ورک میں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا کہ اپنے سیاسی سفر میں پہلی بار سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور پاکستان کی معیشت دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہے۔ ان کا ہدف معاشی نمو ہے اور اس کے لیے بہترین ٹیم ورک اور سخت محنت کی ضرورت ہے۔ موجودہ شرح سود 13 فیصد ہے اور وہ خواہش رکھتے ہیں کہ اسے 6 فیصد پر لایا جائے۔انہوں نے اڑان پاکستان پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی ملے گی۔ معیشت کی مزید بہتری کے لیے تجربہ کار معیشت دانوں کی رہنمائی حاصل کی جائے گی اور کارکردگی کا جائزہ حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کی بنیاد پر لیا جائے گا۔شہباز شریف نے کراچی کو ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر روشنیوں کا شہر ہے اور امن کی بحالی کے بعد اس کی رونقیں واپس آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری ہماری ذمہ داری ہے اور ہم وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیں گے۔قبل ازیں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت بھرپور محنت کر رہی ہے اور پاکستان جلد کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سٹاک ایکسچینج کی ترقی کو ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے لیے اداروں میں اصلاحات کر رہی ہے اور ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
معاشی ترقی کیلئے ملکر بیٹھنے کو تیار، وقت آنے پر آئی ایم ایف کوخیرباد کہہ دینگے: وزیراعظم
4