پشاور( اباسین خبر)صوبائی حکومت نے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ٹل اور پارا چنار روڈ پر 48 چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق 399 ایکس سروس مین کو بطور سپیشل پروٹیکشن فورس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، وفاقی حکومت کی جانب سے پارا چنار میں ایک بار پھر ایف آئی اے سائبر ونگ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ تمام بنکرز کو یکم فروری 2025 تک ختم کرنے کے لیے پلان تیار کیا جا رہا ہے، جس کی نگرانی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کریں گے۔ اس کے علاوہ، 15 دنوں کے اندر اسلحہ جمع کرنے کا پلان مرتب کیا جائے گا اور ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق یکم فروری تک تمام اسلحہ جمع کر لیا جائے گا۔ جمع کیے گئے اسلحے کا ڈیجیٹائز ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسلحہ کی نگرانی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہوگی اور مقامی افراد کو اسلحہ حکومت کو فروخت کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔ اسلحہ کی رجسٹریشن کے لیے کرم میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع، پاراچنار روڈ پر چیک پوسٹوں کا قیام
4