اسلام آباد( اباسین خبر)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت اس عزم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے حق خودارادیت کا دن منانے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہر سال 5 جنوری کو مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جس دن 1949 میں اقوام متحدہ نے ایک قرارداد منظور کی تھی، جس میں مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دی گئی تھی۔اس دن کا مقصد عالمی برادری کو یاد دلانا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے اس کی ذمہ داریوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اقوام متحدہ کو اپنے 75 سال پہلے کے وعدوں کا احترام کرنا ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے وادی کو دنیا کے سب سے بڑے عسکری زون میں تبدیل کر دیا ہے اور کشمیریوں کی اپنی جدوجہد کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے دبا دیا ہے۔ بھارتی فورسز نے مختلف قوانین، جیسے ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ، آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کر رکھے ہیں تاکہ کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار اور قتل کیا جا سکے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے، اور 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارتی حکومت نے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیریوں میں خوف و ہراس پیدا کر رکھا ہے۔حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایک بنیادی حق ہے، اور اس کی نفی عالمی اعلامیے اور معاہدوں کی نفی ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ بھارتی اقدامات کو اقوام متحدہ اور عالمی حقوق تنظیموں نے مسترد کیا ہے۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دے گا۔ اقوام متحدہ نے حال ہی میں پاکستان کے زیر اہتمام ایک قرارداد منظور کی ہے جس کی بڑی تعداد میں ممالک نے حمایت کی۔اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ کشمیری عوام سے اپنے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائے اور انہیں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کا موقع دے۔
دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں
6