پشاور( اباسین خبر)دیر بالا اور ہنزہ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ لواری ٹنل، کمراٹ اور ڈوگ درہ سمیت دیگر پہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر دیر بالا کے مطابق لواری ٹنل میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے، تاہم سڑک ٹریفک کے لیے کھلی ہوئی ہے اور بھاری مشینری سے برف ہٹاکر روڈ کو بحال رکھا جا رہا ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹائروں میں زنجیریں ضرور ڈال کر لواری ٹنل کی طرف سفر کریں۔ہنزہ میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بالائی علاقوں میں تین روز تک ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مظفرآباد میں بھی بادل برس پڑے اور وادی نیلم و وادی لیپہ میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے قلعہ عبداللہ میں برفباری نے خوبصورتی کا رنگ جما دیا۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور گلگت بلتستان میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے، جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر چکا ہے۔
بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برف باری، سیاحوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت
5