کوئٹہ ( اباسین خبر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے بار بار کیسکو چیف کو طلب کرنے کے باوجود ان کے نہ آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور انہیں صوبہ بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کو کیسکو چیف کے خلاف تحریک استحقاق لانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں قائد حزب اختلاف میر یونس زہری نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو چیف کو آپ نے اپنے چیمبر میں طلب کیا تھا لیکن انہوں نے آپ کے حکم کو نظرانداز کر کے اسلام آباد کا رخ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ کیسکو چیف کو بلوچستان بدر کیا جائے۔جمعیت علمائے اسلام کے اراکین میر زابد ریکی اور غلام دستگیر بادینی نے بھی اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شاید کیسکو چیف اس لیے اسلام آباد گئے ہیں کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرنا تھا۔ یہ دوسری بار ہے کہ اسپیکر نے انہیں طلب کیا لیکن وہ بہانہ بنا کر چلے گئے، جبکہ بلوچستان میں کیسکو کی جانب سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔صوبائی وزیر سلیم کھوسو نے بھی پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقے میں گرمیوں کے دوران درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، لیکن پھر بھی صرف تین گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی تھی، اور اب موسم سرما میں بھی یہی صورتحال برقرار ہے جو سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے کیسکو چیف کو طلب کیا لیکن وہ اسلام آباد چلے گئے، جو قابل مذمت ہے۔ وزیر اعلی سے بات کرکے ان کے خلاف لیٹر لکھا جائے گا۔سلیم کھوسو نے مزید کہا کہ گیس کے حوالے سے بھی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے ایک وفد تشکیل دیا جائے جو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرے۔ اسپیکر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی نے اپوزیشن لیڈر کو ہدایت کی کہ وہ کیسکو چیف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
بلوچستان اسمبلی ،اراکین کا بار بار طلب کرنے کے باوجود نہ آنے پر کیسکو چیف کو صوبہ بدر کرنے کا مطالبہ
6