پشاور( اباسین خبر)پشاور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار اور دیگر پی ٹی آئی رہنماں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے شاندانہ گلزار، جنید اکبر، آصف خان، فضل محمد خان، سلیم الرحمان اور دیگر کی مقدمات کی تفصیل کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکلا نے عدالت سے مقدمات کی تفصیل کے لیے رجوع کیا، جس پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آیا مقدمات کی رپورٹ جمع کرائی گئی ہے؟ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ تھوڑا وقت درکار ہے اور آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائیں گے۔ جس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ مذاکرات بھی شروع ہو گئے ہیں۔سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ بنچ نمبر ایک نے ایسی درخواستوں پر 21 جنوری تک ضمانت دی ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ وہ اس بنچ کی بات نہیں کر رہے، ہم 16 جنوری تک ضمانت دے رہے ہیں۔آخرکار، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 جنوری تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی۔
شاندانہ گلزار و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
12