راولپنڈی ( اباسین خبر)پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ وطن نہ بھیجنے کی کال جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تمام مظالم معاف کرنے کی ہامی بھری ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی نے آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ 1971 کے بعد کسی پارٹی کے حقوق چھینے گئے، سول رائٹس اور ہیومن رائٹس کو معطل کیا گیا، اور الیکشن میں ان کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ اسی لیے اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مذاکراتی کمیٹی 31 جنوری 2025 تک مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتی ہے، اور عمر ایوب حکومت کو باضابطہ طور پر ڈیڈ لائن کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ عمران خان نے فسطائیت کا سامنا کرنے والے پارلیمنٹرین اور کارکنوں کو اپنا فخر قرار دیا اور کرم ایجنسی کے معاملے کو فوری حل کرنے کا کہا۔صاحبزادہ حامد رضا نے دو اہم مطالبات پیش کیے۔ اول یہ کہ نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنائے جائیں۔ 9 مئی کے واقعات میں دوسری سائیڈ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے سینئر موسٹ ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے اور 26 نومبر کے واقعات پر بھی جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو گولی چلنے سے 13 افراد شہید اور 64 زخمی ہوئے، یہ پاکستان کی جمہوریت پر حملہ تھا۔دوسرا مطالبہ یہ تھا کہ مختلف جیلوں میں قید پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی عدالتی طریقے سے ہو۔ حامد رضا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہماری ایجنڈا کا حصہ ہے، وہ آئینی، قانونی اور عدالتی طریقے سے رہا ہوں گے۔افغانستان پر حملے کے حوالے سے حامد رضا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے افغانستان پر فضائی حملوں کی مذمت کی اور افغانستان سے تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ 2 تاریخ کو حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوں گے اور تمام مطالبات ان کے سامنے رکھے جائیں گے۔
عمران خان مظالم بھلا کر سب کو معاف کرنے کیلیے تیار ہیں، مذاکراتی کمیٹی
1