اسلام آباد( اباسین خبر)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، اور دونوں فریقوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ آئندہ اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس میں ہونے والے ان کیمرہ اجلاس میں حکومت کے 7 اور پی ٹی آئی کے 3 ارکان شریک ہوئے۔ حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثنا اللہ، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، عبدالعلیم خان اور فاروق ستار اجلاس میں موجود تھے، جبکہ چودھری سالک حسین شریک نہ ہو سکے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، علامہ راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا نے اجلاس میں شرکت کی، تاہم عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، حامد خان اور سلمان اکرم راجا اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔مذاکرات کے دوران دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا، اور 2 جنوری کو آئندہ اجلاس میں اپوزیشن ارکان اپنے مطالبات کی فہرست پیش کریں گے۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات سے قبل حکومتی کمیٹی کے ارکان نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات بھی کی۔
حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق
3