پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم کے معاملے پر رواں ہفتے اہم پیشرفت متوقع ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ کرم کے معاملے پر دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ دوبارہ شروع ہوگا۔ دونوں فریقین اور کرم کے عوام کو امن دشمن عناصر کی سازشوں سے خبردار رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر امن دشمن عناصر کے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور راستے کھولنے کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی۔بیرسٹر سیف نے بتایا کہ ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو نکالنے کے لیے وزیراعلی کا ہیلی کاپٹر مخصوص طور پر وقف ہے، جس کے ذریعے 180 سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں، مریضوں اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اور مزید پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1700 مکمل طور پر فعال ہے۔
کرم کے معاملے پر رواں ہفتے اہم پیشرفت متوقع ہے: بیرسٹر سیف
7