کیلیفورنیا ( مانیٹرنگ ڈیسک)کاغذ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دینی کتب کی خریداری مہنگی ہو گئی ہے، تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ قرآن و حدیث کے شائقین کے لیے بہت سی مفید ایپس اور ویب سائٹس بنائی گئی ہیں جو کتابوں کے خریدنے اور سنبھالنے کی مشکلات کو کم کرتی ہیں۔ یہاں ہم ایسی چند ایپس کا ذکر کریں گے جو دینی طالب علم اور عام مسلمانوں کے لیے فائدہ مند ہیں:اسلام ون (IslamOne): یہ ایپ قرآن اور حدیث کے بنیادی علم کے لیے بہترین ہے۔ اس میں مستند حدیث کی کتب، قرآن مجید کے مختلف تراجم اور تفاسیر، سیرت النبی ۖ اور صحابہ کرام کی زندگی پر مواد موجود ہے۔ اس کے فونٹ بہت عمدہ ہیں، اور یہ ایپ بغیر انٹرنیٹ کے بھی کام کرتی ہے۔مجموعہ تفاسیر (TafseerOne): یہ ایپ اسلام ون والوں کی بنائی ہوئی ہے اور اس میں 30 معروف تفاسیر جمع کی گئی ہیں، جن میں اردو اور انگریزی تفاسیر بھی شامل ہیں۔ یہ ایپ خاص طور پر ان طلبہ کے لیے مفید ہے جو تفسیر کا شوق رکھتے ہیں۔ترتیل (Tarteel): یہ ایپ قرآن مجید کے حصے کو حفظ کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے بہترین ہے۔ اس میں بہترین مصحف اور نامور قرا کی تلاوتیں ڈانلوڈ کی جا سکتی ہیں۔ اس کا ایک پریمیم ورژن بھی ہے جس میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے حفظ کے عمل کو مزید آسان بنایا جا سکتا ہے۔جامع الکتب التسعہ: یہ ایپ طلبہ اور علمائے کرام کے لیے ہے جو عربی میں احادیث اور ان کی شروح کا براہ راست مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس میں موضوعات کے حساب سے احادیث ملتی ہیں اور ایک حدیث کے الفاظ دیگر کتب میں کہاں ملتے ہیں، یہ بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔الباحث القرآنی: یہ ایپ ان طلبہ اور علمائے کرام کے لیے ہے جو عربی میں مستند تفاسیر اور لغات پڑھنا چاہتے ہیں۔ اس میں شاندار فونٹس ہیں اور استعمال کا طریقہ بھی بہت آسان ہے۔ البتہ یہ ایپ صرف انٹرنیٹ کے ساتھ استعمال ہو سکتی ہے۔المکتب الشاملہ: یہ ایپ دینی علوم کی ایک جامع ترین ایپ ہے جس میں تفسیر، حدیث، فقہ، منطق، بلاغت اور دیگر دینی موضوعات پر ہزاروں کتابیں موجود ہیں۔ اس کا استعمال تھوڑا سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن جو لوگ دینی علوم کے شوقین ہیں، وہ اس کے بغیر نہیں رہ سکتے۔یہ ایپس دینی مواد کے حوالے سے بہت سی مشکلات کو حل کرتی ہیں اور اب کسی بھی فرد کو کتابوں کی خریداری یا ان کی حفاظت کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔
اسلامی کتب کی 6 سب سے بہترین موبائل ایپس
4