لاہور( اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو مستحق افراد کو سرکاری خرچ پر وکلا فراہم کرنے کا آخری موقع دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے اس حوالے سے 2 صفحات پر مشتمل عبوری حکمنامہ جاری کیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ سرکاری وکیل کے مطابق پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 میں مجوزہ ترامیم کی وجہ سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہے، تاہم عدالت سرکاری رپورٹ سے مطمئن نہیں ہے اور پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو اہمیت نہیں دی جا رہی۔تحریری حکم میں کہا گیا کہ فل بنچ نے قرار دیا تھا کہ سرکاری خرچ پر وکیل کی سہولت بنیادی حقوق کے نفاذ کے لیے ضروری ہے، اور 15 فروری تک پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو فعال بنانے کے لیے آخری موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو چیف سیکرٹری کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ پبلک پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ سے پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو فعال بنانے کے حوالے سے معلومات حاصل کی گئیں، اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومت کی تبدیلی کے باعث ایجنسی کو فعال بنانے میں تاخیر ہوئی ہے۔
پنجاب حکومت کو مستحق لوگوں کو سرکاری خرچ پر وکلاء فراہم کرنے کا آخری موقع
5