پشاور( ابا سین خبر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو صوبے میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے دفتر آمد پر ان کا خیرمقدم کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو قیام امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں بھرپور تعاون کریں گے، اور کرم میں قیام امن ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے لئے سرمایہ افتخار ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اور ہم مل کر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔
محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات، قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
4