لاہور( اباسین خبر)احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 7 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔لاہور کی احتساب عدالت میں پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الہی اور دیگر ملزمان کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور کک بیکس وصولی کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے کیس کی سماعت کی، تاہم چودھری پرویز الہی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز الہی کیوں پیش نہیں ہوئے؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ پرویز الہی کل شام باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے، جس کے باعث ان کی کمر اور ٹخنے پر چوٹ آئی ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پرویز الہی فرد جرم سے بچنے کے لیے ہر تاریخ پر میڈیکل پیش کر دیتے ہیں۔ اس پر عدالت نے سوال کیا کہ کیا جو ملزمان موجود ہیں ان پر فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے؟ اور فیصلہ کیا کہ پرویز الہی پر کسی اور دن فرد جرم عائد کر دی جائے گی۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر الگ الگ فرد جرم عائد ہو سکتی ہے، جس پر شریک ملزم محمد خان بھٹی کے وکیل نے اس کی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان پر الگ الگ فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔سابق وزیراعلی کے وکیل نے کہا کہ پرویز الہی مرکزی ملزم ہیں، ان کی عدم موجودگی میں دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہی کے علاوہ دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا غیر قانونی ہے۔بعد ازاں عدالت نے شریک ملزم محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کر دی، جبکہ چودھری پرویز الہی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 7 جنوری کی تاریخ مقرر کی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
مبینہ کرپشن کیس: پرویز الہٰی پر فرد جرم کیلئے 7 جنوری کی تاریخ مقرر
5