کراچی ( اباسین خبر)کراچی کے علاقے بفرزون سیکٹر 15 اے فور میں موٹرسائیکل سوار تین مسلح ملزمان نے خواتین کو لوٹ لیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں ملزمان کو اسلحے کے زور پر خواتین سے موبائل فونز اور پرس چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پیر کی شب ہونے والی اس واردات میں خواتین کے ساتھ ایک بچہ بھی تھا، جو اس واقعے کے دوران خوف زدہ ہو کر رونے لگا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ تین ملزمان موٹر سائیکل پر سوار آتے ہیں اور خواتین سے موبائل فون اور پرس چھین لیتے ہیں۔ ایک خاتون اور بچہ جب دوسری سمت جانے کی کوشش کرتے ہیں تو ملزمان انہیں اسلحے کے زور پر روک لیتے ہیں، اور خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کرتے ہیں۔ خاتون کی مزاحمت کے بعد، ملزمان اس کا پرس چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔واردات میں ملوث ملزمان نے کیپ اور ہیلمٹ پہن رکھا تھا، اور واردات کے دوران ان کی شناخت ممکن نہیں ہو پائی۔ ایس ایچ او تیموریہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین نے ابھی تک پولیس کو واردات کی اطلاع نہیں دی ہے، تاہم پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔
موٹرسائیکل سواروں نے خواتین کواسلحے کے زورپر لوٹ لیا
5