کراچی ( اباسین خبر)کمشنر کراچی اور کنٹرولر جنرل پرائیس اینڈ سپلائیز سید حسن نقوی نے آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کر دی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، فلور ملز کے ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل قیمت 94 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جو کہ گزشتہ سرکاری قیمت 98 روپے سے 4 روپے کم ہے۔ہول سیل آٹے کی قیمت 90 روپے فی کلو اور ایکس فلور ملز آٹے کی قیمت 87 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، فائن چکی آٹے کی ایکس مل قیمت 92 روپے فی کلو اور ہول سیل فائن آٹے کی قیمت 95 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریٹیل فائن آٹے کی قیمت 99 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ چکی کے آٹے کی قیمت 115 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جو کہ سابقہ قیمت 123 روپے سے 8 روپے کم ہے۔یہ قیمتیں مئی 2024 کے مقابلے میں فائن آٹے کی قیمت میں 18 روپے کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں، جو 117 روپے سے کم ہو کر اب 99 روپے فی کلو پر آ چکی ہے۔ تاہم، شہر بھر میں نان بائی بدستور روٹی کی قیمت 20 سے 25 روپے اور چپاتی کی قیمت 12 سے 15 روپے وصول کر رہے ہیں۔ بیکری آئٹمز جیسے کہ ڈبل روٹی، بن، پاپے، بسکٹ اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی۔کمشنر کراچی نے دکانداروں اور آٹا فروشوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری قیمتوں کی فہرست نمایاں طور پر آویزاں کریں، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کر دی گئیں
4