کوئٹہ ( اباسین خبر)پشتونخواملی عوامی پارٹی نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ پولیو بچا مہم ایمرجنسی کے تحت ملک بھر خصوصا پشتون بلوچ صوبے کے اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے قطرے پلائے جا رہے ہیں، جس میں بین الاقوامی صحت اداروں اور ڈونرز ایجنسیوں کا تعاون حاصل ہے۔ پارٹی نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن پولیو مہم کا بائیکاٹ اپنے بچوں کو پولیو کے خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے اور اس سے بین الاقوامی اداروں کا تعاون بھی متاثر ہو سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی تعلیم اور صحت کے شعبوں کی نجکاری کے خلاف ہے اور ہر فورم پر حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے۔ پارٹی نے صوبے کے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے نجکاری کے خلاف ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد کیا اور ایمرجنسی بنیادوں پر پولیو مہم کو جاری رکھنے کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔دوسری جانب، پارٹی نے بلوچستان میں گیس بحران کی شدت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کوئٹہ، پشین اور زیارت میں گیس کی شدید کمی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کو سخت سردی میں اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی عوام کو گیس کی فراہمی میں سنجیدہ نہیں اور بار بار یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ صوبے میں گیس کی فراہمی میں کمی کی وجہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی ہے، جبکہ گیس اور بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ پارٹی نے کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کریں اور گیس کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ زیارت میں قیمتی صنوبر کے درختوں کی کٹائی کا مسئلہ تشویشناک ہے کیونکہ گیس کی کمی کے باعث شہری درختوں کو ایندھن کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ پارٹی نے حکومت اور محکمہ جنگلات سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جنگلات کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔آخر میں، پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر گیس کی فراہمی میں بہتری نہ آئی تو کوئٹہ کے چاروں تحصیلوں میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، اور اس کی ذمہ داری حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی پر عائد ہوگی۔
پو لیو مہم کے بائیکاٹ کا مقصد بچوں کو تباہ کن وائرس سے دوچار کر نا ہے ،پشتونخوامیپ
7