کوئٹہ ( اباسین خبر)ڈپٹی وزیرِاعظم پاکستان اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیرِاعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بلوچستان وفاقی حکومت کی ترجیحات میں اہمیت رکھتا ہے اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ وزیرِاعلی بلوچستان نے اس منصوبے پر وفاقی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شمسی توانائی پر منتقلی کے بعد کیسکو کے ٹرانسفارمرز منقطع کیے جا رہے ہیں اور صوبائی حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ان علاقوں میں دوبارہ کیسکو کے ٹرانسفارمرز نصب نہ ہوں۔ وزیرِاعلی نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کی جائے گی تاکہ خلاف ورزی کرنے والے زمینداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔وزیرِاعلی نے کہا کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے بھرپور تعاون مل رہا ہے اور زمینداروں نے رضا کارانہ طور پر اپنے لگائے گئے ٹرانسفارمرز کیسکو کے حوالے کر دیے ہیں، جو خوش آئند ہے۔ اس عمل سے صوبے کو 150 میگاواٹ تک بجلی کی بچت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ زمینداروں کو رقوم کی ادائیگی مکمل طور پر شفاف طریقے سے کی جائے گی اور اس کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔ وزیرِاعلی نے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں زرعی انقلاب لائے گا اور اس کے مکمل ہونے سے زمینداروں کے مسائل حل ہوں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری، چیئرپرسن کیسکو بورڈ محترمہ روشن خورشید بروچہ، چیف سیکرٹری بلوچستان، وفاقی سیکرٹری توانائی، صوبائی سیکرٹری توانائی، اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سمیت دیگر اعلی وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔
بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کا شمسی توانائی پر منتقلی کا سلسلہ کا میا بی سےجا ری ہے، سرفراز بگٹی
5