اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزیر اطلاعات، عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی سڑک کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے خون میں لت پت دکھایا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اموات کے بارے میں جھوٹا بیانیہ بنایا، اگر یہ سچ ہے تو اعداد و شمار کیوں مختلف ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا بیانیہ سچ پر مبنی ہوتا تو پوری پارٹی ایک ہی بات کرتی۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے قاسم باغ ملتان میں ہونے والے جلسے میں بھگدڑ کی صورت میں 8 سے 10 کارکنوں کی موت پر تعزیت کرنے کے بجائے جھوٹا بیانیہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی کسی کو توہین نہیں کی، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے رانا ثنا اللہ پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا اور اپنی صفوں میں بیٹھے افراد کو بھی نہیں بخشا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا گیا اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے بینچ خالی تھے۔عطا اللہ تارڑ نے معیشت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شرح سود 13 فیصد تک آ چکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور اب حکومت کا فوکس غربت اور مہنگائی کے مسائل پر ہے، جنہیں حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
پی ٹی آئی نے مصنوعی ذہانت سے اسلام آباد کی سڑک کو خون میں لت پت دکھایا، وزیر اطلاعات
4