لاہور ( اباسین خبر)صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ اگر فساد تھوڑی دیر کے لیے کنٹرول ہو جائے تو پاکستان مزید ترقی کرے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز چین کے سرکاری دورے پر 8 سے 15 تاریخ تک تھیں، جہاں انہوں نے چار شہروں کا دورہ کیا اور مختلف میٹنگز کیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز پاکستان کی واحد وزیراعلی ہیں جنہیں چین میں ہیڈ آف اسٹیٹ کا پروٹوکول ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو چین کے نائب صدر سے ایک گھنٹے کی ملاقات کا وقت دیا گیا، جو کہ پہلے آدھے گھنٹے کے لیے شیڈول تھی، اور کہا گیا کہ مریم نواز آئندہ بڑی سیاسی رہنما کے طور پر جانی جائیں گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے چین میں زرعی آلات بنانے والی کمپنی کا دورہ کیا اور چین کو پنجاب میں ٹرانسپورٹ کی ترقی کے لیے الیکٹرک بسوں کی خریداری کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 700 کے قریب الیکٹرک بسیں جلد پہنچنے والی ہیں۔وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت کا پانچ سالہ منصوبہ ہے جس کے تحت تمام ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک پر منتقل کیا جائے گا اور پنجاب میں سولر پلانٹس کی تنصیب کے لیے چینی کمپنیوں کو اجازت دی گئی ہے۔عظمی بخاری نے یہ بھی کہا کہ لاہور کو جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور بہت جلد شہر میں چارجنگ اسٹیشنز نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب کو جدید صوبہ بنانے کا عہد کیا ہے اور اس سلسلے میں چینی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
فساد تھوڑی دیر کنٹرول ہو جائے تو پاکستان مزید ترقی کریگا: عظمیٰ بخاری
8