کراچی( اباسین خبر)سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ لوگوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالنا آزادی اظہار رائے نہیں۔ جامعہ کراچی میں بائیو ٹیکنالوجی اور جینیٹک انجینئرنگ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کل سخت سوالات سے لوگ ڈرنے لگے ہیں۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وہ سوالات کو نہیں روکتے کیونکہ سوالات کا مقصد سمجھانا ہوتا ہے، الجھانا نہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیا فزکس یا کیمسٹری میں ترقی پر حکومت نے پابندی لگائی ہے؟ کیا نیا مالیکیول دریافت کرنے پر کوئی اعتراض کیا گیا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ گالی دینا تنقید نہیں ہے، ہم صرف تنقید پر ہی توجہ دیتے ہیں۔ تنقید کے ماحول سے باہر نکل کر ہمیں مکالمے کی ضرورت ہے۔سابق نگراں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دوسری عالمی جنگ میں 5 کروڑ افراد کی ہلاکت ہوئی تھی اور تبدیلی انارکی کے خلاف ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخاب ہمارے ہاتھ میں ہے۔
لوگوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالنا آزادی اظہار رائے نہیں: انوار الحق کاکڑ
8