کراچی ( اباسین خبر)سندھ ہائیکورٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس جنید غفار نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے ایڈووکیٹ معیز جعفری عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت، جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیے کہ ہم نے کہا تھا کہ فوری نوعیت کے معاملات میں سماعت کی جائے گی، ورنہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیس جس بنچ میں لگا تھا، وہی بنچ اس کی سماعت کرے گا۔ایڈووکیٹ معیز جعفری نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ بنچ دستیاب نہیں ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ پیر کو آپ متعلقہ بنچ کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں۔ ایڈووکیٹ جعفری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 21 دسمبر کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہے۔آخرکار عدالت نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز 26 ویں آئینی ترمیم کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سندھ ہائیکورٹ کا 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست پر سماعت سے انکار
5