اسلام آباد( اباسین خبر)فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹورک (فافن) نے عام انتخابات 2024 کے دوران سیاسی جماعتوں کو پڑنے والے ووٹوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق، پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں ایک کروڑ 80 لاکھ 32 ہزار 955 ووٹ ملے اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک کروڑ 53 لاکھ 84 ہزار 714 ووٹ پڑے، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں 88 اور صوبائی اسمبلیوں میں 201 نشستیں جیتیں۔مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں ایک کروڑ 41 لاکھ 21 ہزار 509 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، اور صوبائی اسمبلیوں میں اسے ایک کروڑ 26 لاکھ 26 ہزار 257 ووٹ ملے، جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں 75 اور صوبائی اسمبلیوں میں 156 سیٹیں حاصل کیں۔پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی میں 82 لاکھ 35 ہزار 875 ووٹ ملے اور صوبائی اسمبلیوں میں 81 لاکھ 55 ہزار ووٹ پڑے، جس سے پی پی پی نے قومی اسمبلی میں 54 اور صوبائی اسمبلیوں میں 109 نشستیں جیتیں۔آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی میں 70 لاکھ اور صوبائی اسمبلیوں میں 30 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے، اور قومی اسمبلی میں 13 اور صوبائی اسمبلی میں ایک نشست جیتی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان قومی اسمبلی میں کوئی نشست نہیں جیت سکی، تاہم پنجاب اسمبلی میں ایک سیٹ حاصل کی۔ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے 4 فیصد ووٹ حاصل کرکے قومی اسمبلی میں 6 اور صوبائی اسمبلیوں میں 16 نشستیں جیتیں۔جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی میں 2 فیصد ووٹ حاصل کیے مگر کوئی نشست نہ جیت سکی، جبکہ صوبائی اسمبلی میں 3 نشستیں جیتیں۔رپورٹ کے مطابق، قومی اسمبلی کی 265 نشستوں پر 6 کروڑ 12 لاکھ 87 ہزار 188 ووٹ پڑے، جن میں سے 17 لاکھ 68 ہزار 471 ووٹ مسترد ہوئے۔ صوبائی اسمبلی کی 590 نشستوں پر 6 کروڑ 2 لاکھ 35 ہزار 119 ووٹ پڑے، جن میں سے 18 لاکھ 39 ہزار 26 ووٹ ضائع ہوئے۔ سب سے زیادہ مسترد ووٹ پنجاب میں تھے، جبکہ بلوچستان میں مسترد ووٹوں کی شرح کم رہی۔
عام انتخابات میں کس سیاسی جماعت کو کتنے ووٹ پڑے، رپورٹ جاری
1