اسلام آباد( اباسین خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچ گئے، جہاں سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سعودی عرب کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور اس حوالے سے سعودی عرب کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا سب سے بااعتماد دوست اسلامی ملک ہے اور ہر پاکستانی اس دوستی پر ناز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہمیشہ بہت پیار اور خلوص ملتا ہے اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 نے ترقی و خوشحالی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات رکھتا ہے اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورہ سعودی عرب کے دوران اہم ملاقاتوں کے نتیجے میں باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
محسن نقوی کی سعودی وزیر مملکت سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
8