پنجگور ( اباسین خبر)جامعہ مرکز اسلامی سندھے سر پنجگور کے زیرانتظام عظمت قرآن کانفرنس اور تقریب ختم بخاری شریف کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت جماعت اسلامی کے صوبائی امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے کی۔ مہمان خصوصی خطیب ایشیا و یورپ، مفکر اسلام حضرت مولانا احمد جمشید تھے۔ اس کانفرنس میں پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔جامعہ ہذا کے مدیر اور جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی حافظ صفی اللہ نے جامعہ کی تعلیمی کارکردگی اور درس و تدریس کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس میں کراچی سے آئے ہوئے نامور عالم دین مولانا مصباح اللہ نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھی اور جامعہ مرکز اسلامی سے فارغ التحصیل علما کرام اور حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خطیب ایشیا حضرت مولانا احمد جمشید نے کہا کہ قرآن مجید وہ عظیم کتاب ہے جو انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ قرآن پڑھنے سے نہ صرف دل کو سکون ملتا ہے بلکہ انسان جہالت اور اندھیرے سے نکل کر روشنی کی طرف قدم بڑھاتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو قرآن کو سمجھنے، پڑھنے اور پڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک جس ہستی پر نازل ہوا اسے امام انبیا اور رحمت العالمین کا لقب ملا، اور مسلمانوں کو اپنی زندگی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطابق گزارنی چاہیے اور قرآن کے احکام پر عمل کرنا چاہیے، کیونکہ قرآن اللہ کے فرمان کا ترجمہ ہے۔ حضرت مولانا احمد جمشید نے مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ اسلامی تاریخ کا مطالعہ کریں اور دیکھیں کہ کس طرح اسلام کی روشنی دنیا بھر میں پھیلی۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران دینی مدارس کے خلاف سازشیں کر کے اسلامی تعلیمات کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں وہ ادارے جو قرآن و سنت کا درس دیتے ہیں، انہیں ملک کے بجٹ میں کوئی جگہ نہیں ملتی، جبکہ سینما گھروں، مندروں اور فلمی اداکاروں کے لیے فنڈز مختص کیے جاتے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جا رہی ہے، نوجوانوں کو جبری گمشدہ کیا جا رہا ہے اور لاشیں پھینکی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب حقوق کی بات کی جاتی ہے تو دھمکیاں دی جاتی ہیں، مگر وہ خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے تمام مسائل پر قومی جرگہ منعقد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور انشا اللہ کوئٹہ میں لاکھوں افراد کو اکٹھا کرکے احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے پنجگور اور بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں، کیونکہ اسی میں ہمارا روشن مستقبل وابستہ ہے۔
حکمران اسلامی تعلیمات کاراستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہدایت الرحمن
12