لاہور ( اباسین خبر)لاہور میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سموگ کلین ٹاور کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ تحفظ ماحول نے سموگ کے خاتمے کے لیے محمود بوٹی میں سموگ کلین ٹاور نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ جگہ فضائی آلودگی کی بلند سطح کی وجہ سے منتخب کی گئی ہے۔ ٹاور کی تنصیب اور کیلیبریشن کا عمل جاری ہے، اور اسے 21 دسمبر تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔سموگ کلین ٹاور ہوا میں موجود زہریلے ذرات کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور شہر میں فضائی آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس اقدام کو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ جیسے سنگین مسئلے پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ یہ ٹاور نہ صرف لاہور بلکہ پورے ملک کے لیے ایک ماڈل ثابت ہوگا، اور حکومت ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
فضائی آلودگی کے خاتمے کا مشن، لاہور میں سموگ کلین ٹاور کو فعال کرنے کا فیصلہ
10